• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

14یورپی ممالک کا ویسٹ بینک میں فلسطینیوں کے مکانات کے انہدام پر اظہار تشویش

برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) یورپین یونین کے 14 ممالک نے اسرائیل کی جانب سے ویسٹ بینک میں فلسطینیوں کے مکان زبردستی خالی کرا کر گرانے اور وہاں 4000نئے گھر بنانے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ اس حوالے سے آج یورپین یونین کے 14ممالک فرانس، بلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ، جرمنی، یونان آئرلینڈ، اٹلی ،لکسمبرگ، مالٹا، نیدرلینڈز، ناروے ،سپین اور سویڈن نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ ان تمام ممالک کی جانب سے بلجیم کی وزارت خارجہ نے جو اعلامیہ جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اسرائیلی ہائیر پلاننگ کونسل کی جانب سے ویسٹ بینک کے علاقے میں 4000نئے گھروں کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے فیصلے پر شدید تشویش ہے ۔ یہ نئے ہائوسنگ یونٹس دو ریاستی حل میں مزید مشکلات پیدا کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق ʼنئی اسرائیلی سیٹلمنٹس نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جامع اور پائیدار امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ ان ممالک نے مزید کہا کہ تعمیرات اور فلسطینیوں کے مکانات کو گرا کر ان کی بے دخلی ایسٹ یروشلم اور C ایریا میں فلسطینیوں کی آبادی کو جان بوجھ کر کم کرنے اور اس کے نتیجے میں مستقبل میں ایک فلسطینی ریاست کے قیام کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ ان یورپین ممالک نے اپنے اس اعلامیے کے آخر میں اسرائیل پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی اتھارٹیز مصافر یاتا اور دیگر علاقوں میں عمارتوں کو گرانے اور فلسطینیوں کی بے دخلی اور نئی تعمیرات کے فیصلے سے باز رہیں۔
یورپ سے سے مزید