• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے دستخط شدہ ’قمیض‘ کیلئے 6 کروڑ روپے کی پیشکش

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والا نوعمر مداح ابوبکر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا اسٹار بن گیا اور انہیں عمران خان کے دستخط شدہ قمیض کے عوض کروڑوں روپے کی پیشکش ہوئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر ابوبکر کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔


لکی مروت سے تعلق رکھنے والے نوعمر مداح ابوبکر نے بتایا کہ ’عمران خان کے دستخط شدہ قمیض کی پہلی بولی ایک کروڑ کی لگی تھی اور اُس کے بعد اب اس قمیض کی مجھے 6 کروڑ کی پیشکش ہوئی ہے۔‘

ابوبکر نے کہا کہ دنیا کی 7 تہوں سے نکلنے والے قیمتی ہیرے جوہرات بھی میرے سامنے رکھ دیے جائیں تو میں پھر بھی اس قمیض کو فروخت نہیں کروں گا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اگر مستقبل میں اس قمیض کو فروخت کرنے کا ارادہ ہوا تو میں اس سے حاصل ہونے والی رقم کو شوکت خانم اسپتال میں عطیہ کروں گا۔‘

واضح رہے کہ عمران خان کے گزشتہ جلسوں میں ایک نویں کلاس کے بچے، ابو بکر کی زارو قطار روتے اور عمران خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی۔

بعدازاں بنی گالہ میں بچے کی عمران خان سے ملاقات کروائی گئی، ملاقات کے دوران ابو بکر نامی اس بچے نے عمران خان کو ایک انگوٹھی بھی بطور تحفہ دی تھی، بچے کی جانب سے عمران خان سے اپنی قمیض پر آٹوگراف بھی لیا گیا تھا۔

ملاقات کے دوران عمران خان نے بچے کا جوش و ولولہ دیکھتے ہوئے تعریف کی اور کہا تھا کہ اس بچے کو ہم ابھی سے پی ٹی آئی کے منشور کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کارکن بنائیں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید