کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی سہولت کے لئے مارچ کی تنخواہیں اور پنشن پیشگی ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق صوبائی حکومت کے تمام مسلم ملازمین اور پنشنرز کو مارچ 2026 کی مکمل تنخواہ اور پنشن 16 مارچ 2026 کو ادا کی جائے گی۔ یہ ادائیگی معمول کے شیڈول کے تحت یکم اپریل 2026 کو ہونی تھی۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ عیدالفطر کا امکان 19 یا 20 مارچ 2026 کو ہے (چاند کی رویت سے مشروط)، اس لیے عید سے قبل ملازمین اور پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق پیشگی ادائیگی کا اطلاق سندھ حکومت کے تمام مسلم ملازمین اور پنشنرز پر ہوگا، جن میں ورک چارجڈ اور کنٹنجنسی بنیادوں پر تنخواہ پانے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔