کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کسانوں اور آبادگاروں کے استحصال کا سلسلہ فوری بند کرے، یوریا کھاد، زرعی ادویات اور دیگر زرعی اخراجات کے نرخ فوری طور پر کم کئے جائیں تاکہ کسانوں کا مالی بوجھ کم ہوسکے۔ گندم کی خریداری کی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرے ، محکمہ ایگریکلچر میں کرپشن پر قابو کرےاور زرعی شعبے کو بحال کرنے کے لئے عملی اور سنجیدہ اقدامات کرے۔ا نہوں نے کہا کہ سندھ کے کسانوں، ہاریوں اور آبادگاروں کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور معاشی ظلم کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آبادگار شدید مالی بحران کا شکار ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں غریب کسان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔