کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں شدید گرمی کے باوجود متعدد علاقوں میں 12؍ گھنٹے تک بجلی کی بندش نے عوام سے دن کا سکون اور رات کا چین چھین لیا ہے ، شدید گرمی میں عوام کا برا حال، مایوس اور بدظن ہوچکے ہیں ، ہر وقت بجلی بندش سے امور زندگی چلانے میں بھی پریشانی کا سامنا ہے ۔ مضافات میں 16؍ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ ادھر وفاقی حکومت کے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ جلد کراچی آکر کے الیکٹرک انتطامیہ سے دوٹوک بات کی جائے گی ، اضافی بجلی ملنے کے باوجود بندش سمجھ سے بالاتر ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں نے پیر کو ایک اور دن بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ میں گزارا ‘کے الیکٹرک نے مجموعی طور پر 6سے 12گھنٹے بجلی بند رکھی‘ شدید گرم موسم میں بجلی نہ ہونے کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ‘لوگوں کوشدیدپریشانی کا سامنا رہاان کا دن اور رات گزارنا مشکل ہو گیا ہے اور وہ مایوس دکھائی دیتے ہیں‘ پیر کو گارڈن ویسٹ عثمان آباد، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، میٹروول‘ پاک کالونی،گلبہار،ناظم آباد،نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی،فیڈرل بی ایریا،صدر، لائنز ایریا ،لیاری، کیماڑی،بھٹائی آباد،منظورکالونی،جونیجو ٹاؤن، کورنگی ،لانڈھی،قائدآباد،شاہ فیصل کالونی،ملیر کالابورڈ، ماڈل کالونی،کھوکھراپار،اسکیم 33،الآصف اسکوائر سمیت گڈاپ اور ہاکس بے کے گوٹھوں میں بجلی کی سپلائی کا برا حال ہے ‘کراچی کے مضافات اور بعض آبادیوں میں 12سے 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے‘ کے الیکٹر ک نے شہر میں ایک ہفتے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ر کھا ہوا ہے لیکن کسی کو معلوم نہیں کہ کراچی سے لوڈشیڈنگ کب ختم ہوگی‘ شہریوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے‘ کراچی سے تعلق رکھنے والے منتخب ارکان اسمبلی بھی اس سلسلے میں کچھ کرتے دکھائی نہیں دیتے۔ دوسری جانب وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر سے رابطہ‘ کراچی سمیت صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور توانائی بحران سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا ،خرم دستگیر نے کہاکہ جلدی کراچی آکر کے الیکٹرک انتظامیہ سے دوٹوک بات کی جائے گی‘انہوں نے کہاکہ 2018ءمیں زیرولوڈشیڈنگ چھوڑ کر گئے تھے تاہم توانائی بحران پر جلد قابو پا لیں گے‘ امتیاز شیخ کا کہناتھاکہ چار سالسے مسلط نااہلوں کی ناکامیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے‘عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک تاریخی توانائی بحران کا شکار ہے‘کے الیکٹرک کو وفاق سے اضافی بجلی ملنے کے باوجود 15 سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے‘اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔