• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق گورنر کیخلاف نازیبا الفاظ سے دل آزاری ہوئی ،نسیم کاکڑ

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)یٰسین زئی قبیلے کے رہنماء ملک نسیم کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمارے قبیلے کے سربراہ سابق گورنر بلوچستان امان اللہ خان یٰسین زئی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ایک قبیلے سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے ہمارے قبیلے کے سربراہ سابق گورنر بلوچستان امان اللہ خان یٰسین زئی کے خلاف ناروا اور نازیبا الفاظ استعمال کیے جس سے پوری قوم کی دل آزاری اور ان کی جذبات ٹھیس پہنچی جو قابل مذمت ہے ، ہم اس طرح کی زبان استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے اور نہ ہی خاموش رہیں گے بلکہ اپنے قبیلے اور اس کے سربراہ کا ہر فورم پر دفاع کریں گے ، انہوں نے کہا کہ مذکورہ عناصر نے خیزی چوک پر پیش آنے والے ایک واقعے کی ذمہ داری بھی سابق گورنر پر عائد کی تھی حالانکہ وہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کا واقعہ تھا انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، کورکمانڈر کوئٹہ ، چیف جسٹس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ جن عناصر نے سابق گورنر بلوچستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر یٰسین زئی قبیلہ راست اقدام کرے گا۔