• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصار عباسی

اسلام آباد :…اگر شہباز شریف کی حکومت کو متعلقہ حکام سے اگست 2023ء تک برسر اقتدار رہنے کے حوالے سے مطلوبہ یقین دہانی نہ ملی تو قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اگلے دو دن بہت اہم ہیں۔ ذریعے نے کہا کہ آپ کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کی خبر ملے گی یا پھر قومی اسمبلی تحلیل ہوجائے گی۔ منگل کی رات وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ موجودہ حکومت کو جاری رہنا چاہئے اور معیشت کو درپیش چیلنجز کو حل کرنا چاہئے لیکن شرط ہے کہ اسے متعلقہ حکام سے مطلوبہ حمایت مل جائے۔


ذریعے نے کہا کہ اتحادیوں کی رائے تھی کہ مطلوبہ یقین دہانی کے بغیر، حکومت تیل کی قیمتیں بڑھانے اور عمران خان حکومت کی جانب سے دی گئی بھاری سبسڈی کے خاتمے کا خطرہ مول نہیں لے سکتی۔ اگر انتخابات اکتوبر میں کرائے گئے تو موجودہ حکومت ہی کو صرف مشکل سیاسی فیصلہ کرنے کی بھاری سیاسی قیمت چکانا پڑے گی اور اسے معیشت کو درست کرنے اور عوام کی خدمت کا موقع ہی نہیں ملے گا۔

نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان تیل کی قیمتیں بڑھانے کے حق میں نہیں۔ ان کی رائے ہے کہ اس سے مہنگائی آئے گی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو یقین ہے کہ معاشی مسائل حل ہو جائیں گے اور عوام تک کم از کم بوجھ منتقل ہوگا۔ 

تاہم، انہوں نے تینوں سیاسی رہنمائوں سے اتفاق کیا کہ اپنی حکومت کی مدت کے حوالے سے مطلوبہ یقین دہانی ملنے تک کوئی حکومت کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔ منگل کی مشاورت میں وزیراعظم نے تجویز دی کہ حکومت کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہئے اور اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرنا چاہئے تاکہ کمیٹی سے مطلوبہ یقین دہانی حاصل ہو سکے، کمیٹی میں دفاعی سروسز چیفس اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ سیکورٹی عہدیدار شامل ہیں۔

اسی اجلاس میں اس بات پر بھی بحث ہوئی کہ تیل کی قیمتوں پر سبسڈی اسی صورت ختم کی جائے گی جب قومی سلامتی کمیٹی متفقہ طور پر حکومت کی اگست 2023 تک کی مدت کے حوالے سے یقین دہانی کرائے۔ اکتوبر 2022ء میں الیکشن ہوئے تو موجودہ حکومت صرف جولائی تک ہی برقرار رہ پائے گی کیونکہ قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا ہوگا۔ 

ایسی صورت میں شہباز شریف حکومت کے پاس صرف یہی آپشن باقی رہ جائے گا کہ کارکردگی دکھانے کا موقع ملے بغیر ہی مشکل فیصلہ کر لیا جائے۔ پاکستان میں موجودہ حالات میں سیاست انتہائی منقسم ہے، اس سے ملک کی معیشت کو نقصان ہوا ہے اور اب معیشت کو آئی ایم ایف کی مدد کی اشد ضرورت ہے اور اس کے بغیر بیشتر معیشت دانوں کو ڈر ہے کہ ملک دیوالیہ ہو سکتا ہے۔ 

سیاسی غیر یقینی کی وجہ سے اسلام آباد کو آئی ایم ایف سے ہری جھنڈی نہیں ملی، آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے پروگرام کو فی الحال معطل رکھا ہوا ہے کیونکہ عمران خان کی حکومت نے تیل پر سبسڈی دیدی تھی۔ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے اور عالمی ادارے نے شہباز حکومت سے اصرار کیا کہ سبسڈی ختم کی جائے تاکہ پٹری سے اترے ہوئے پروگرام کو واپس بحال کیا جا سکے۔ 

شہباز نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا لیکن کہا جاتا ہے کہ دوست ممالک حتیٰ کہ چین بھی اسی صورت معاشی مسائل سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں گے جب آئی ایم ایف پاکستان کیلئے اپنا پروگرام بحال کرے۔

اہم خبریں سے مزید