ابرسلز(نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ ن بلجیم کے کارکنوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں تقسیم بڑھ گئی ہے لیکن دوسری پارٹیوں کی دشمنی ہماری تربیت میں نہیں، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن بلجیم کی جانب سے مقامی ریستوران میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز نے کہا کہ قوم کا کرداربگاڑ دیا گیا ہے، بھائی کو بھائی کا دشمن بنادیا گیا اور اب نوجوانوں کو اداروں کے خلاف بھڑکایا جارہا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کا مزاج جارحانہ نہیں ہے، ہماری جماعت نے ہمیں لڑنا نہیں سکھایا، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عادی ہیں، اسی لیے مسلم لیگ کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ حاجی پرویز نے کہا کہ میاں نواز شریف کبھی بھی فوج کے خلاف نہیں رہے، وہ فوج کی دل سے عزت کرتے ہیں، صرف وہ لوگ ان کی تنقید کا نشانہ بنے جو اداروں کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، ایسی ہی جماعت کا کارکن ہونے کے ناتے میں دوسری جماعتوں کے کارکنان کو کہتا ہوں کہ سیاست آنی جانی ہے لیکن ذاتی احترام کو ختم نہ ہونے دیں ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنماشیخ ماجد، راجہ خالد ، عمیر بٹ اور ملک لیاقت نے اپنے خطابات میں کہا کہ مسلم لیگ ن قومی وحدت کی علامت ہے، یہی وہ جماعت ہے جو پاکستان کو واپس درست سمت پر لاسکتی ہے۔ رہنمائوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں انتشار کی سیاست جنم لے رہی ہے ۔ اختلاف رائے ایک فطری عمل ہے لیکن گالی گلوچ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ملک اخلاق نے عمران خان کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ کی مقامی قیادت سے کہا کہ وہ میاں شہباز شریف سے کہیں کہ وہ ڈٹ کر کھڑے رہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز دانشور رائو مستجاب احمد نے کہا کہ آئین کا انحراف کرکے پاکستان نہیں چل سکتا ، اس لیے جب تک تمام قوتیں آئین کا احترام نہیں کریں گی اس وقت تک ہمارے مسائل کم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں کو تلقین کی کہ وہ سیاسی اختلاف کم کریں۔ تقریب میں تلاوت کی سعادت کاشف محمد صادق نے حاصل کی۔ شہباز نعیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔