اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے، قومی اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نئے چیئرمین پی اے سی ہونگے۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو نکال دیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی اے سی رانا تنویر حسین نے وزارت تعلیم کا قلمدان سنبھالنے کے بعد چیئرمین پی اے سی کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا ہے تاکہ حسب روایت نئے چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی حزب اختلاف سے کی جائے۔ گزشتہ روز راجہ ریاض احمد کو قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف مقرر کیا گیا ہے۔ راجہ ریاض احمد پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ایک ذیلی کمیٹی کو چیئر کرتے رہے ہیں اور وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے معاملات پر دسترس بھی رکھتے ہیں۔