لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں سی پیک کے گیٹ وے گوادر کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیابندرگاہ پر کام نہ ہونے کی وجہ سے اس کی گہرائی 18 میٹر سے کم ہو کر 11 میٹر رہ گئی ہے۔
جس کی وجہ سے اب کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا چھوٹی چھوٹی لانچوں کے طرز کے جہاز ہی وہاں لنگر انداز ہو رہے ہیں یہ سی پیک کے خلاف مجرمانہ غفلت تھی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر کو اس لیے نظر انداز کیا گیا کہ سابقہ وفاقی حکومت پرچون کی سطح جیسی سکیموں پر توجہ دے رہی تھی بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز ہی دستیاب نہیں تھے اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ترقیاتی بجٹ کی صفائی کریں اور کلیدی شعبوں کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں ۔