• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مادھوری ڈکشٹ فلموں میں خواتین کی اصل تصویر کشی دیکھ کر خوش

مادھوری ڈکشٹ، فائل فوٹو
مادھوری ڈکشٹ، فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ فلمی پردے پر خواتین کی اصل تصویر کشی دیکھ کر خوش ہیں۔

مادھوری ڈکشٹ نے فلموں میں نظر آنے والےان نئے کرداروں کی تعریف کی ہے جن میں خواتین کو ’کسی ظلم کا بدلہ لینے والے فرشتے کے‘ طور پر یا پھر ’کسی ظلم وستم‘ کا شکار ہوتے نہیں دکھایا گیا۔

اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں خواتین کی اسکرین پر عکاسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’میرے خیال میں اب مصنفین خواتین کے لیے بہتر اسکرپٹ، بہتر کردار لکھ رہے ہیں، جبکہ اس سے پہلے، اگر آپ خواتین پر مبنی کچھ بھی اسکرین پر دکھاناچاہتے تھے، تو خواتین کو صرف ’کسی ظلم کابدلہ لینے والے فرشتے کے‘ طور پر یا پھر ’کسی ظلم وستم‘ کا شکار ہوتے ہی دکھایا جاتا تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ’آج خواتین کے لیے بہت اچھے کردار لکھے جا رہے ہیں جوکہ بہت مضبوط کردار ہیں، خواتین کامل نہیں ہیں، ان میں خامیاں بھی ہیں، اور یہی چیز ان کے کرداروں کو بہت خوبصورت بناتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’لوگ صرف اسکرینز پر ان کرداروں سے محظوظ ہونے کے علاوہ ان میں خود کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔‘

مادھوری ڈکشٹ نے اپنی بات کی وضاحت اپنی ہی ویب سیریز ’دی فیم گیم‘ کا حوالہ دیتے ہوئے دی کہ’اس سیریز میں جو کردار میں نے ادا کیا، وہ ایک شاندار کردار ہے کیونکہ وہ ایک ماں ہے، وہ ایک بیوی ہے، وہ ایک بیٹی ہے لیکن اس میں تھوڑی سی خامیاں بھی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’عورت فرشتہ نہیں ہے، وہ ایک عورت ہے، وہ انسان ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ’اور آج کل کی تحریروں میں یہی بات اچھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ خواتین کو بہت اچھے کردار مل رہے ہیں، یہ فلموں میں خواتین کے لیے ایک سنہری دور ہے۔‘


انٹرٹینمنٹ سے مزید