• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کان کھول کر سن لو الیکشن کا فیصلہ ہمارا، چیخیں، روئیں، پیٹیں، دھمال ڈالیں اب آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں، وزیراطلاعات

اسلام آباد(خبرایجنسی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کان کھول کر سن لو الیکشن کا فیصلہ ہم کرینگے، چیخیں، روئیں ، پیٹیں یادھمال ڈالیں اب آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں، ناکامی چھپانے کیلئے لانگ مارچ کر رہے ہیں، پہلے کہتے تھے نیوٹرل جانور ہوتا ہے اب کہتے ہیں نیوٹرل رہیں، عمران کی ذہنیت فاشسٹ، پر امن طریقے سے آئیں تو کھانا بھی دینگے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار سال ملک اور عوام کو لوٹنے والا 25 مئی کو پھر اسلام آباد لوٹ مار کے نئے ایجنڈے کے ساتھ آ رہا ہے، عمران نیازی چار سال کی ناکامیوں، نااہلیوں اور کرپشن پر معافی مانگنے اسلام آباد آ رہے ہیں

چار سال میں معیشت کا دھڑن تختہ اور مہنگائی سے عوام کو غریب کرنے والا ،آٹا، چینی، دوائی، کھاد، چوری کرنے والا، ڈالر کو 115 سے 189 پر پہنچانے والا اور چار سال میں قرص کو 45 ہزار ارب روپے پر پہنچانے والا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے.

 عمران نیازی نے بدترین مہنگائی کر کے چار سال عوام کی چیخیں نکلوائیں، ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کے جھوٹے وعدے کئے، مہنگائی کو 16 فیصد تک پہنچایا، آج وہ کس منہ سے اسلام آباد آرہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہے اور عمران خان کا لانگ مارچ کا اعلان اس پر نیا حملہ ہے۔

 بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم ہر آئینی طریقہ اپنائیں گے، خونی مارچ نہیں ہونے دیں گے.

 لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے مشاورت کریں گے، الیکشن کرانے کا اختیار اب ہمارا ہے، جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے،یہ اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے لانگ مارچ کر رہے ہیں.

شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا،یہ ملک میں افراتفری و انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، یہ وہ جتھا ہے جو غنڈا گردی اور ملک میں انتشار پھیلانے آ رہا ہے،پہلے کہتے تھے نیوٹرل جانور ہوتا ہے، اب کہتے ہیں نیوٹرل رہیں،عمران خان کی ذہنیت فاشسٹ ہے، پرامن طریقے سے آئیں تو انہیں کھانا بھی دیں گے۔

اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پر مشاورت کریں گے، ہر وہ اقدام اٹھایا جائے گا جس سے عوام کو ان کے شر سے بچایا جائے۔

اہم خبریں سے مزید