• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی، ملٹن کینز کے سٹی بننے پر اہل علاقہ اور انتظامیہ کا اظہار مسرت

ملٹن کینز (توقیر لون) ملٹن کینز ٹاؤن جسے لوگ ملٹن کینز سٹی کے نام سے جانتے ہیں، اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر باقاعدہ طور پر سٹی کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ ملٹن کینز انتظامیہ نے2000کے بعد 2002میں ملکہ برطانیہ کی گولڈن جوبلی اور 2012میں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر بھی سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کیلئے درخواست دی مگر وہ اس میں ناکام رہے لیکن اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ملکہ برطانیہ کی طرف سے آٹھ شہروں کو سٹی سٹیٹس دیا گیا ہے، جس میں ملٹن کینز بھی شامل ہے، جس پر اہل علاقہ اور انتظامیہ نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ کونسلر سلینہ راجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پچھلے چند سال سے ملٹن کینز نے سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی اور اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی پر ملٹن کینز کو سٹی سٹیٹس ملنا نہایت خوش آئندبات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملٹن کینز نیا شہر ہونےکے ساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کا بھی حامل ہے جن میں بلیچلی پارک جو کہ جنگ عظیم دوم میں کوڈ بریکر کے نام سے جانا جاتا ہے اور وولورٹن ورکس جو کہ دنیا کی سب سے پہلی تیز رفتار ٹرین کا انجینئرنگ ہیڈ کوارٹر تھا، شامل ہیں۔ ملٹن کینز میں موجود وولورٹن برطانیہ کا پہلا ریلوے ٹاؤن ہے جو کہ برمنگھم اور لندن کے عین وسط میں واقع ہے۔ یاد رہے کہ کسی بھی ٹاؤن کو سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے دیگر لوازمات کیساتھ ساتھ وہاں کیتھڈرل کا ہونا بھی لازمی ہوتا ہے لیکن ملٹن کینز میں پتھر اور اینٹوں کے روایتی کیتھڈرل کی بجائے درختوں کا کیتھڈرل بنایا گیا ہے جسے ٹری کیتھڈرل کے نام سے جاناجاتا ہے۔ برطانیہ کے دوسرے شہروں کی نسبت ملٹن کینز میں لوگ زیادہ تیزی سے منتقل ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے یہ کثیر الثقافتی ہونے کیساتھ ساتھ کثیر اللسانی شہر بن چکا ہے جہاں تقریباً 140کے لگ بھگ مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں۔

یورپ سے سے مزید