ٹوکیو (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز کہا ہے کہ اگر چین نے بزور طاقت تائیوان کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی تو امریکا اس کا دفاع فوجی طاقت سے کرے گا .
انہوں نے خبردار کیا کہ بیجنگ پہلے ہی آگ سے کھیل رہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوکیو میں علاقائی سمٹ سے قبل جاپانی وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔
دوسری جانب چین کا کہنا ہے کہ امریکا کو تائیوان کی آزادی کا دفاع نہیں کرنا چاہیے۔
تائیوان کی وزارت خارجہ نے ملک کے دفاع کے عزم سے متعلق امریکی صدر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں جاپانی وزیر اعظم کے ساتھ کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے جب امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا وہ تائیوان کو چینی حملے کی صورت میں دفاع کریں گے تو جو بائیڈن نے کہا ’’ہاں‘‘اور پھر کہا کہ ایسا ہی وعدہ کیا گیا ہے اور وقت آنے پر اس وعدے کو نبھائیں گے۔