• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری کو وسیع کرنا چاہتے ہیں، سید نوید قمر

برسلز( عظیم ڈار) وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے22سے23مئی 2022کو برسلز کا دورہ کیا۔ وزیر نے یورپی پارلیمنٹ کے اہم ممبران (MEPs)، یورپی کمیشن کے سینئر حکام اور برسلز کے سیکرٹری آف سٹیٹ سے اہم ملاقاتیں کیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے زراعت اور دیہی ترقی کے ساتھ اپنی مصروفیات میں وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جو باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے اہم اجزا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اور ترقی موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور یورپی یونین ان مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کا کلیدی شراکت دار ہے۔ وزیر قمر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جی ایس پی پلس ایک بہترین ٹیمپلیٹ اور باہمی فائدہ مند تعاون کی کامیابی کی کہانی ہے، کیونکہ 2014میں اسکیم کے آغاز کے بعد سے پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں 86فیصد اور یورپی یونین کی پاکستان کو برآمدات میں 69فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امید ہے کہ نیا جی ایس پی پلس ریگولیشن فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور گڈ گورننس کی حمایت کے اپنے مرکزی اصولوں پر توجہ مرکوز کرتا رہے گا۔ وزیر نے زور دیا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی کثیر جہتی شراکت داری کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کا خواہاں ہے، خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں۔ ایم ای پیز نے وزیر تجارت کا ان کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور پارلیمانی تبادلوں سمیت پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔برسلز ریجن کے سیکرٹری آف سٹیٹ مسٹر پاسکل سمیٹ سے ملاقات کے دوران وزیر قمر نے دو طرفہ تجارت میں خاطر خواہ نمو سمیت مجموعی دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا۔ مسٹر سمیٹ نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا اور بلجیم کے افغانستان سے انخلا کے آپریشن کے لیے پاکستان کی حمایت اور سہولت کاری پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر تجارت نوید قمر نے مسٹر سمیٹ کو پاکستان میں ایک اقتصادی مشن کی قیادت کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ خوردہ، کیمیکل، تعمیرات، ٹیلی کمیونیکیشن اور فوڈ انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون کریں ۔وزیر تجارت برلن، دی ہیگ اور پیرس سمیت یورپی یونین کے دیگر بڑے دارالحکومتوں کا بھی دورہ کریں گے۔یاد رہے وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر کے ساتھ سفیر پاکستان برسلز ڈاکٹر اسد مجید خان بھی ہمراہ تھے۔

یورپ سے سے مزید