• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں، عمر توحیدی

اولڈہم (پ ر) عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری حریت پسند رہنما محمد یٰسین ملک کو جھوٹے مقدمات بنا کر پابند سلاسل کرنے اور کشمیر میں استصواب رائے سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل پامالی پر بھارت کیخلاف اقتصادی اور سماجی پابندیاں عائد کریں۔ ان خیالات کا اظہار پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کشمیری رہنما یٰسین ملک کو بھارتی عدلیہ کی جانب سے عمر قید کی سزا دینے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کی رو سے کوئی ملک کسی آزاد خطے کو نہ غلام بنا سکتا ہے اور نہ کسی کے حق آزادی پر کوئی قدغن لگا سکتا ہے- انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت قید و بند کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے حریت پسندوں کو ان کے آزادی وطن کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ اس نے کشمیر پرغاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے، جسے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ عمر توحیدی نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو یہ قبضہ واگزار کرانے اور انڈیا کو ظلم سے روکنے کے لئے جنوبی ایشیا میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تا کہ بھارت مجبور ہو کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کرائے اور کشمیریوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے۔ عمر توحیدی نے مارچ کے نام پر اسلام آباد اور دیگر شہروں میں جلائو گھیرائو کے ذریعہ سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی مذمت بھی کی ۔
یورپ سے سے مزید