کراچی میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر ناصر حسین شاہ نے محکمے میں کرکٹ اور ہاکی کی ٹیموں کے قیام کا اعلان کیا اور کھلاڑیوں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔
اس موقع پر وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا خاتمہ ادارے کی بدقسمتی ہے۔ حکومت نوجوانوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
کے ڈی اے میں کرکٹ اور ہاکی کی ٹیموں کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ نے کہا کہ بہت جلد ہاکی اور کرکٹ کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ حکومت کی پالیسی کے مطابق کھلاڑی پرفارمینس دیں گے تو ادارہ مراعات بھی دے گا۔ کھلاڑیوں کو دیئے گئے تقرر ناموں کے مطابق انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
اس موقع پر سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ، ممبر فنانس کے ڈی اے شجاعت حسین، سیکریٹری کے ڈی اے شمس صدیقی، کے ڈی اے لیبر یونین کے سرپرست اعلی محمد اشرف، ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، سپرٹینڈنٹ انجینیئر طارق رفیع اور اسپورٹس آرگنائزر محمد نسیم بھی موجود تھے۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے نے اپنے پلیٹ فارم سے ہماری حوصلہ افزائی کرکے بڑا کام کیا ہے۔ موجودہ حالات میں معاشی سپورٹ کے بغیر مستقل مزاجی کے ساتھ کھیل کے میدان میں پرفارم کرنا ممکن نہیں، ہم اپنے محکمے کے ذریعے کھیل کے میدان میں صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔