نام پر یاد آیا کہ ایک بادشاہ کا نام التمش لکھا جاتا ہے۔ اس کا پورا نام سلطان شمس الدین التمش تھا۔ دہلی کے تخت پر کوئی پچیس برس متمکن رہا۔ التمش میں ’’الف ‘‘پر زبر،’’ت ‘‘ پر زبر اور ’’م ‘‘ پر بھی زبر پڑھا جاتا ہے۔ اردو میں تو خیر یہ املا اور تلفظ رائج ہیں اور انھیں درست مانا جاتا ہے لیکن اس کا درست تلفظ اور املا کچھ اور ہے۔
فارسی میں اس کا درست تلفظ اِلتُتمِش ہے ، یعنی الف کے نیچے زیر ، لام ساکن، تے پر پیش، تے ساکن اور میم کے نیچے زیر۔ یعنی اِل۔تُت ۔ مِش۔انگریزی میں بھی اسے Iltutmish لکھا جاتا ہے۔
٭سنسکرِت کا درست تلفظ ؟
اوپر لفظ امبر کے ذکر میں لفظ سنسکرت آیا ہے۔ یہ ایک قدیم زبان کا نام ہے جو ہندوستان میں زمانہ ٔ قدیم میں رائج تھی۔ چونکہ اردو اور ہندی کی تشکیل میں سنسکرت زبان کے گہرے اثرات ہیں لہٰذا اردو کی ا دبی اور لسانیاتی کتابوں میں بھی سنسکرت کا ذکر لامحالہ ہوتا ہے۔ لیکن پاکستان میں عام لوگ(بلکہ بعض پروفیسر حضرات بھی) سنسکرت کا جس طرح تلفظ کرتے ہیں وہ ہندوستان والوں کے لیے مضحکہ خیز ہے۔
پاکستان میں لوگ عام طور پر اس کے تلفظ میں سین پر زبر لگا کر سَن کو الگ بولتے ہیں ، پھر سِک میں سین کے نیچے زیر بولتے ہیں اور پھر رَت پر زبر لگا کر اسے ’’سَن ۔سِک ۔ رَت ‘‘ بنا دیتے ہیں، جو بالکل غلط ہے۔ اس کا درست تلفظ ’’سنسک ۔ رِت ‘‘ہے اور اس میں پہلے سین پر تو زبر ہے لیکن اس کے بعد نون غنہ ہے (نون نہیں ہے ) ، پھر سین اور کاف دونوں ساکن ہیں اور پھر رے کے نیچے زیر ہے۔ یعنی درست تلفظ ہے : ’’س َ ں س ک ۔رِت ‘‘(س پر زبر، نون غنہ، س ساکن، ک ساکن، ر کے نیچے زیر)۔
جان ٹی پلیٹس نے بھی اپنی لغت میں اس کا یہ تلفظ دیا ہے۔ افسوس کہ انگریز تو ہمارے ایک لفظ کے درست تلفظ تک پہنچ جائیں اور ہم اسے غلط بول کر ہندوستان والوں سے اپنی ہنسی اڑوائیں۔