اسٹاک ہوم (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن سویڈن کی جانب سے اسٹاک ہوم میں یومِ تکبیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں سویڈن بھر سے ن لیگ کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب سے سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا مشہود نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ہر دور میں مشکلات کا سامنا کیا مگر کبھی بھی ہمارے کارکنان نے ہمت نہیں ہاری، پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے سے لے کر اب تک پاکستان دشمن طاقتوں نے ن لیگ کی قیادت اور کارکنان پر ہمیشہ دباؤ ڈالا مگر ہماری قیادت اور کارکنان نے خندہ پیشانی سے تمام تر مشکلات کا سامنا کیا اور پاکستان کو ایک ان مٹ طاقت کے طور پر دنیا بھر میں روشناس کروایا۔ ن لیگ سویڈن کے صدر سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ رہے گی کہ میاں محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نا لاتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا تجربہ کیا اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک ان مٹ طاقت کے طورپر ابھارا۔ن لیگ سویڈن کے صدر نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا، اسحاق ڈار کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج پوری قوم یہ بات جان چکی ہے کہ ایٹمی دھماکے ہوں یا معاشی ترقی، اس کے ثمرات سے ملک اور عوام تب تک مکمل طور پر مستفید نہیں ہوسکتےجب تک کہ ملک میں آئین کی حکمرانی، آزاد نظامِ عدل، پارلیمنٹ کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کا نفاذ نہ ہو۔ دیگر عہدیداران کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دنیا بھر میں موجود کارکنان کی ہمت و حوصلہ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں بھی اپنے قائد کا ساتھ نہیں چھوڑا ، تقریب کے بعد ن لیگ سویڈن کے صدر کی جانب سے تمام عہدیداران اور کارکنان کوعشائیہ دیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔