کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں جہیز کے جھگڑوں سے تنگ تین بہنوں نے اپنی جان لے لی۔ تینوں سگی بہنوں کی اپنے بچوں کے ساتھ راجستھان کے کنویں سے لاشیں ملی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق تین سگی بہنوں نے ایک ہی گھر کے تین بھائیوں سے شادی کی تھی اور ایک ہی چھت کے نیچے زندگی گزا ررہی تھیں۔ کلو، کملیش اور مامتا جہیز پر ہونے والے جھگڑوں کا شکار تھیں اور انہیں مستقل اپنے شوہروں اور سسرالیوں کی جانب سے تشدد کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تینوں بہنوں کے سوگوار خاندان کا کہنا ہے کہ ان کی لاشیں ملنے سے پہلے انہوں نے واٹس ایپ پر پیغام بھیج کر اپنے سسرال پر الزام لگایا تھا۔ کلو کے چار سالہ بیٹے اور شیر خوار بچے سمیت یہ تینوں بہنیں گزشتہ ماہ اپنے سسرال کے قریب مردہ پائے گئے تھے جبکہ کملیش اور مامتا دونوں حاملہ تھیں۔ ان کی ایک کزن کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم مرنا نہیں چاہتے لیکن موت ان کی ذلت سے بہتر ہے؛ ہماری موت کی وجہ ہمارے سسرال والے ہیں۔ ہم ایک ساتھ مر رہے ہیں کیونکہ یہ ہر روز مرنے سے بہتر ہے۔