پشاور(خصوصی نامہ نگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی اکیڈیمک کونسل کا79واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر افتخار حسین کی صدارت میں ہوا ،جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی، ڈین فیکلٹی آف میکینکل، کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سحر نور،ڈین فیکلٹی آف الیکٹریل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ، ڈین فیکلٹی آف ارکیٹکچر ، الائید سائنسز اینڈ ہیومنٹیپروفیسر ڈاکٹر سراج الاسلام ، رجسٹرار ڈاکٹر خظر اعظم خان، ٹریژرر پروفیسر ڈاکٹر مصبا ح اللہ، پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر افضل خان، شعبہ جات کے سربراہوں، کیمپس کوآرڈی نیٹرز ، مختلف سنٹرز کے ڈائریکٹرز اور سینئر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی سے متعلق مختلف تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیااور ہائر ایجوکیشن کمیشن ہدایات کی روشنی میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کے انسداد کی پالیسی 2021 کی منظوری دی گئی اور اسے اپنانے کے لئے آئندہ سنڈیکیٹ اجلاس میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ (مین کیمپس) پشاور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (نان انجینئرنگ ڈگری) میں ماسٹر ڈگری پروگرام شروع کرنے کی بھی سفارش کی گئی اس پروگرام کا مقصد پوسٹ گریجویٹ طلباء میں اے آئی سے متعلق نظریاتی اور تحقیقی مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں بورڈ آف فیکلٹی الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کی سفارشات کی توثیق کی گئی جس کسی منظوری بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے 38ویں اجلاس میں دی گئی تھی۔