• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین جنگ میں روس کا جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا انتباہ، ریپبلکنز کا بائیڈن سے جواب دینے کا مطالبہ

واشنگٹن،لندن ،کیف(این این آئی)ریپلیکنز قانون سازوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کی جانب سے اپنے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیوں کے بارے میں واضح جواب دیں ادھر روس پر پابندیوں کے باعث روس کے 15ہزار امیر افراد ملک چھوڑنے کیلئے تیا ر ہیں دوسری طرف یوکرینی فوج نے بتایا ہے کہ جنگ سے اب تک فوجی سامان کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ری پبلیکن ارکان کانگریس نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ کے بیانات روس کو جوہری ہتھیار بنانے کے بعد اسے روکنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔امریکی قانون سازوں کی طرف سے یہ بیان روسی صدر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ضرورت پڑی تو ماسکو اپنے تحفظ کے لیے ایٹمی ہتھیار بھی استعمال کرے گا۔دوسری طرف برطانیہ کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ روس کے ہزاروں کروڑ پتی افراد ملک چھوڑ کر باہر جانا چاہتے ہیں۔ روس کے 15 ہزار امیر افراد نے امیگریشن کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔روس کے مالدار افراد ملک پر لگنے والی پابندیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اقتصادی بحران سے بچنے کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں اگر ہزاروں امیر شخصیات روس سے ہجرت کرجائیں گی تو اس سے ملک کی معیشت کو دیرپا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔دوسری طرف روسی افواج کی یوکرین میں پیشقدمی جاری ہے، کئی نئے علاقے روس کے قبضے میں جاچکے ہیں۔ ادھر یوکرین کی فوج کے ایک جنرل بریگیڈیئر جنرل وولودیمیر کارپینکو نے کہا ہے کہ روسی حملوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے فوجی ساز و سامان کا بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ایک امریکی جریدے کو بتایا کہ ابھی تک جاری لڑائی کے نتیجے میں تقریبا تیس سے بچاس فیصد تک سامان کا نقصان ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تیرہ سو جنگی گاڑیاں، چار سو ٹینک، اور سات سو توپ خانے کے نظام ضائع ہوچکے ہیں، اس وقت مشرقی یوکرین کے ڈونباس علاقے میں لڑائی بدستور جاری ہے۔

یورپ سے سے مزید