کوئٹہ( پ ر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کی آرگنائزنگ کمیٹی کے بیان میں لورالائی میڈیکل کالج کے طلباء کے پر امن احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ کالج میں پرنسپل اور مخصوص اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری ، بجلی اور پانی کی سہولیات کی کمی ،سیکورٹی کے مسائل حل کرکے طلباء کو مزید مشکلات سے بچایا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ لورالائی میڈیکل کالج کے طلباء کو احتجاج پر مجبور کرنا درحقیقت متعلقہ پرنسپل اور انتظامیہ کی غفلت ،بے حسی اور کالج کے مسائل کو حل کرنے میں عدم دلچسپی کی وجہ سے حالات خراب ہورہے ہیں جبکہ مخصوص اساتذہ کی غیر حاضری کے باعث طلباء وطالبات کو پڑھائی کے دوران مسلسل ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اور دوسری طرف بجلی اور پانی کی عدم موجودگی اور سیکورٹی کے نظام خراب ہونے کے باعث باقی ماندہ اساتذہ ، طلبااور کالج میں کام کرنیوالے تمام ملازمین مشکلات کا شکار ہیں ۔ بیان میں صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام پر زور دیاگیا کہ وہ لورالائی میڈیکل کالج کے طلباء اساتذہ اور ملازمین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کریں ۔