• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجتماعی منصوبوں کی منظوری سے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا‘ سینیٹر ثمینہ

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان حکومت درست سمت پر گامزن ہے،وزیراعلیٰ نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے لئے اجتماعی مفادات کے منصوبوں کو ترجیح دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر کے افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مالی سال بجٹ برائے 2022-23 بناتے وقت ہر طبقے کی مشکلات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ۔نچلے طبقے کے لئے خصوصی پیکیج کے ساتھ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں ۔بلوچستان بجٹ میں ہم نے بلوچستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے 42 ارب مالیت کے کئی نہایت اہم منصوبے منظور کرائے جو آنے والے وقت میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ان منصوبوں میں بینظیر شہید گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ، بینظیر بھٹو ڈیجیٹل لائبریری کا قیام ،واشک ، آواران اور خاران میں بینظیر بھٹو شہید ڈیمز شامل ہیں۔دریں اثناء بلوچستان کے سیاسی و عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی ذاتی کاوشوں سے منظور ہونے والے 42 ارب کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے بلوچستان کی بیٹی ہونے کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی ذاتی کوششوں سے بلوچستان کی ضروریات و مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام اور صوبے کے لئے نہایت اہم منصوبے بلوچستان بجٹ میں منظور کرائے ۔سیاسی و عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری مستقبل میں بھی بلوچستان کی کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور عزم و جذبے سے اہم کردار اداکرتی رہیں گی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں بلوچستان کی نمائندہ کی حیثیت سے صوبے کی ضروریات کومدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کے لئے کام کرنا ہمارا فرض تھا ۔ ہم نے جو منصوبے بجٹ میں منظور کروائے ہیں وہ بلوچستان کی ضرورت اور صوبے کے مفاد میں تھے اور ان کی منظوری سے بلوچستان ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میںبلوچستان حکومت نے مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔درایں اثناء سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی والدہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی اور رکن قومی اسمبلی محمداسلم بھوتانی کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کوئٹہ سے مزید