• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کئی سڑکوں پر بارش کا پانی موجود، ٹریفک کی روانی متاثر

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسمِ گرما کی پہلی بارش کے بعد بیشتر سڑکوں سے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے جس کے بعد صورتِ حال بہتر ہے۔

تاہم کئی بڑی شاہراہوں اور چوراہوں پر اب بھی بارش کا پانی جمع ہے جو ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہا ہے۔

بارش میں حادثات، 5 افراد جاں بحق

کراچی میں گزشتہ روز کی اچانک بارش اور طوفانی ہواؤں سے مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ناظم آباد 2 نمبر کے قریب گجر نالہ اور نارتھ کراچی شادمان ٹاؤن کے قریب نالہ ابلنے سے پانی سڑک پر آ گیا۔

جہانگیر روڈ پر دونوں جانب کھلا نالہ شہریوں کے لیے وبال بن گیا۔

بورڈ، کھمبے، درخت، دیواریں گر گئیں

ملیر میں بجلی کے کھمبے، دیواریں اور دکانوں کے شیڈز گر گئے۔

ملیر کے علاقے شمسی سوسائٹی کی مختلف گلیوں میں بارش کا پانی موجود ہے، بارش سے درخت اور بجلی کے پول گرے ہوئے ہیں۔

بجلی کے پول گرنے سے شمسی سوسائٹی میں کل سے بجلی معطل ہے۔

ڈرگ روڈ کے قریب ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر بارش کا پانی جمع ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ پر بڑا سائن بورڈ گر گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عدالتی حکم کے باوجود شہر میں کئی جگہ پر سائن بورڈز اب بھی نصب ہیں۔

کئی شاہراہوں پر پانی موجود

شارعِ فیصل، نیپا چورنگی، جہانگیر روڈ سمیت دیگر علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے، البتہ ان علاقوں سے متصل گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔

گرومندر چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب نیوٹاؤن تھانے کے سامنے برساتی پانی جمع ہے۔

ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی جانب جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، سہراب گوٹھ انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی کچھ مقدار میں موجود ہے۔

لیاقت آباد میں صرافہ مارکیٹ کی مرکزی سڑک اور گلیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے تا فائیو اسٹار چورنگی پل کے نیچے بارش کا پانی تاحال موجود ہے۔

لنڈی کوتل چورنگی سے عائشہ منزل جانے والی سڑک کے دونوں ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

نمائش چورنگی سے سولجر بازار جانے والی سڑک کھدی ہونے کے باعث بارش کا پانی جمع ہونے سے بیٹھ گئی۔

گارڈن کے علاقے میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سامنے بارش کا پانی موجود ہے۔

موٹر سائیکلیں پانی کے باعث بند

شہر میں آج بھی متعدد موٹر سائیکل سوار جمع پانی کے باعث بند ہوجانے والی اپنی موٹر سائیکلوں کو کھینچتے نظر آئے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ کراچی شہر میں کہیں بھی ٹریفک جام کی شکایت نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید