کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے میں بین الصوبائی تبادلہ شدہ افسران کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ مگر اب تک صرف سب انسپکٹروں کی واپسی کے نوٹیفکیشن جاری ہورہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی 37سب انسپکٹروں کی واپس تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ 18سب انسپکٹر سندھ زون سے نارتھ زون جن میں زیادہ تر کا تعلق لاہور پنجاب سے ہے، واپس بھیج دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح سندھ سے تعلق رکھنے والے 19سب انسپکٹر جو نارتھ زون میں تبادلے کردیئے گئے تھے ان کو واپس سندھ زون ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دس یوم قبل بھی 36سب انسپکٹرز کے اسی نوعیت کے تبادلے کردیئے گئے تھے۔ واپس ٹرانسفر کیے جانے والے افسران کیلئے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ان سب کو اس سرکل یا زون میں تعینات نہیں کیا جائے جہاں وہ تبادلوں سے پہلے سے تعینات تھے۔ باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بہت جلد انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی واپسی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔