• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم آر ٹی ایس بٹھا کر نہیں آئینی طریقے سے حکومت میں آئے، خرم دستگیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کا ایجنڈا فاشسٹ تھا، عمران خان کی حکومت رہ جاتی تو شفاف الیکشن نہیں ہوپاتے، ہم حکومت میں اس لئے آئے کہ اگلا الیکشن شفاف ہو، ہم آرٹی ایس بٹھا کر نہیں آئینی طریقے سے حکومت میں آئے ہیں،آئندہ دنوں میں ڈالر کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی،تین مہینے بعد بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہوجائے گی،پینتیس پنکچر کی طرح روس سے 30فیصد سستا تیل لینا بھی کہانی ہے، ہمیں آئی ایم ایف کو مینج کرنا آتا ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق خان بھی شریک تھے۔مشتاق خان نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور انتخابات میں شفافیت قومی معاملہ ہے، نیب ترامیم کا سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا، پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ آج بھی چل رہا ہے ،پاکستان نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط مان لی ہیں دوسرا بجٹ آرہا ہے ،ایران سے گوادر کیلئے بجلی لینا اچھا اقدام ہے، ایران سے بارٹر کی بنیاد پر پٹرول بھی لینا چاہئے۔وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف کا 2014ء کا دھرنا، منتخب وزیراعظم کا تنخواہ نہ لینا اور 2018ء کے الیکشن میں آرٹی ایس کا بیٹھنا حادثے نہیں تھے، ابصار عالم پر اسلام آباد میں گولی چلنا اور مطیع اللہ جان کو اغوا کرنا حادثہ نہیں تھا، 2023ء میں ا یک اور حادثہ ہونے سے روکنا اتحادی حکومت کا مقصد ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان کا دورِ حکومت فاشسٹ تھا، نیب کو انسانی حقوق کچلنے کیلئے استعمال کیا گیا، میں نے عمران خان کے فاشسٹ ایجنڈے طرف اشارہ کیا تو وہ سیخ پا ہوگئے، ہمارا ایک ہی ایجنڈا تھاکہ 2023ء کا الیکشن صاف و شفاف ہونا چاہئے، ہمارا خدشہ پختہ ہوگیا تھا کہ عمران خان رہ گئے تو 2023ء کے الیکشن میں عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کریں گے، ہم آرٹی ایس بٹھا کر نہیں آئینی طریقے سے حکومت میں آئے ہیں۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی استثنیٰ نہیں لیا ، ہم پرآج بھی مقدمات قائم ہیں، سارے سرویز تحریک انصاف کو تیسری سے پانچویں پوزیشن پر دکھارہے ہیں، اگلے عام انتخابات کا نتیجہ پاکستانی عوام کی مرضی سے ہوگا، ڈالر کی قدر کم ہونے کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے، آئندہ دنوں میں ڈالر کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی،چین کی طرف سے آنے والے عندیے نے ڈالر کی قدر کم کردی، بجلی کی قیمت فی الحال کم نہیں ہورہی ہے، تین مہینے بعد بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہوجائے گی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان نے کوئی اچھا کام کیا تو اسے آگے لے کر چلنے میں کوئی حرج نہیں ہے، عمران خان اپنے غلط کاموں کا کریڈٹ لیے تو ان کے کچھ اچھے کام ہیں ان کا بھی کریڈٹ دیدیں گے۔
اہم خبریں سے مزید