نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارتی سپریم کورٹ نے گجرات مسلم کش فسادات میں مودی کوکلین چٹ دیدی، بھارت کی سپریم کورٹ نے گجرات مسلم فسادات کیس میں وزیراعظم نریندر مودی کوبری کرنے کا فیصلہ برقراررکھا اور سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی درخواست خارج کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی سپریم کورٹ نے وزیراعظم نریندر مودی کو 2002 کے گجرات مسلم فسادات میں ملوث ہونے سے بری کیے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا۔
سپریم کورٹ نے گجرات کے مسلم فسادات میں شہید کئے جانے والے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی درخواست خارج کردی۔
ذکیہ جعفری کی جانب سے دائر درخواست میں 2002 کے گجرات میں مسلم کش فسادات کیس میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی سمیت 59 لوگوں کواسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کیا گیا تھا۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے 8 فروری 2012 کو ایک حتمی رپورٹ جمع کروائی تھی۔