• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اسکول ٹیچر کو پاکستانی نوجوان سے دوستی مہنگی پڑ گئی، واہگہ پر گرفتار

لاہور(خالدمحمودخالد)ایک پاکستانی نوجوان کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھارتی اسکول ٹیچر کودوستی مہنگی پڑگئی۔

 پاکستان پہنچنے سے پہلے ہی واہگہ بارڈر پر بھارتی پولیس نے اسے حراست میں لے کر دارلامان بھجوا دیا۔ 

بھارتی لڑکے، پاکستانی لڑکی نے ایک دوسرے کو کیسے پایا؟


بھارتی پولیس سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی کو دوسرا رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے اور تحقیقات شروع کردیں۔

 تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ اسکول ٹیچر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر لاہور کے ایک نوجوان سے دوستی کر لی۔ 

بعد میں یہ دوستی شادی کے عہد وپیماں میں بدل گئی۔ خاتون نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا اور تمام دستاویزات پوری کرنے کے بعد پاکستان کا ویزہ حاصل کر لیا۔

 14 جون کو مذکورہ خاتون گھر والوں کو بتائے بغیر گھر سے نکل پڑی۔ گھر والوں نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کروادی جس نے تمام ہوائی اڈوں، ریلوے بکنگ سنٹرز اور بارڈر حکام کو الرٹ کر دیا۔

 جمعرات کے روز جب وہ واہگہ بارڈر پر پاکستان جانے کے لئے امیگریشن کاونٹر پر پہنچی توحکام نے اس بارے میں فوری طور پر مدھیہ پردیش پولیس کو آگاہ کردیا جس نے اسے حراست میں لینے کا کہا۔

امیگریشن حکام نے اسے مقامی دارالامان پہنچا دیا جہاں سے اسے گزشتہ روز مدھیہ پردیش پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

 دریں اثنا مدھیہ پردیش پولیس واقعہ کو دوسرا رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔

 پولیس سپرنٹنڈنٹ نوین بھسین کا کہنا ہے کہ خاتون کو پاکستان سے نامعلوم نمبروں سے فون کالز مل رہی تھیں جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید