• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر عملی پیش رفت تیز کی جائے، سیکرٹری اطلاعات

کوئٹہ (پ ر ) سیکرٹری محکمہ اطلاعات بلوچستان عمران خان نے کہا ہے کہ مفاد عامہ سے متعلق امور میں معلومات تک عام آدمی کی رسائی شفافیت پر مبنی نظام حکومت کے لئے ضروری ہے، بلوچستان انفارمیشن کمیشن کی فعالیت میں تاخیر کی بنیادی وجہ رولز آف بزنس کی عدم تشکیل تھی، غیر سرکاری ادارے ایڈ بلوچستان کی تکنیکی معاونت سے کمیشن کے رولز آف بزنس کی تشکیل مکمل کرلی گئی ہے جو بلوچستان کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی کے تعاون سے ایڈ بلوچستان کے زیر انتظام رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 کے سلسلے میں ایک روزہ سمینار میں بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان تنظیم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عادل جہانگیر اور پروگرام افسر رانا احسن نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر عملی پیش رفت تیز کی جائے اور کابینہ سے منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی سے پاس کرکے اس کا فوری نفاذ عمل میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں اس متعلق شعور و آگاہی کو وسعت دی جائے تاکہ بلا امتیاز تمام لوگ اس سے استفادہ کرسکیں، پروگرام میں شرکاء کو کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے ایڈ بلوچستان کے پروگرام مینجر میر بہرام لہڑی نے کہا کہ سال 2022 میں چار پی اے ایف کے اجلاس ، دو ٹریننگ، 4 ٹی وی پروگرام، چار ریڈیو پروگرام، 10 رائٹ ٹو انفارمیشن سیشن اور دس آگاہی سیشنز بسلسلہ معلومات تک رسائی منعقد ہوئے جبکہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے رولز آف بزنس تشکیل دیکر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن کے حوالے کئے گئے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ اب بلا تاخیر تمام امور مکمل کرکے اس قانون کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے پروگرام میں ڈایکٹرصوبائی محتسب سید منور احمد شاہ چیئرمین ایچ آر سی پی بلوچستان حبیب طاہر ڈاکٹر شاہدہ حبیب علی زئی میر بہرام بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نور احمد کھیتران ریجنل ڈائریکٹر ایف پی اے مشتاق بلوچ، گل خان نصیر، ضیاء بلوچ، شیزان ولیم، سردار جسبیر سنگھ، رفت پرویز، سہیل انصاری، ظفر بلوچ، کلثوم ناز بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے آخر میں کیک کاٹ کر ایڈ بلوچستان کی سالگرہ منائی گئی اور مہمانوں میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈ تقسیم کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید