برسلز( حافظ اُنیب راشد )نیٹو کانفرنس میڈرڈ میں شروع، یوکرین جنگ،چینی اثرورسوخ،دیگرامور پرغور ہوگا، سویڈن اور فن لینڈ کی جانب سے اتحاد شمولیت کی باقاعدہ درخواست بھی زیرغور ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق نیٹو کی تین روزہ کانفرنس سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں شروع ہوگئی۔کانفرنس میں نیٹو کے تمام ممبر ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں یوکرین پر روس کے بلا اشتعال حملے، چین کے دنیا میں بڑھتے ہوئے اثرورسوخ، موسمیاتی تبدیلی کے سیکورٹی پر اثرات و نتائج ، نیٹو کے آئندہ کے سٹریٹجک تصور میں نئے شامل ہو سکنے والے موضوعات اور نیٹو کے مستقبل کیلئے ایک زیادہ مسابقتی دنیا میں موافقت کا خاکہ جیسے اہم موضوعات پر بات کی جائے گی۔ اس اجلاس کی صدارت نیٹو سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹنبرگ کررہے ہیں ۔ کانفرنس میں سویڈن اور فن لینڈ کی جانب سے نیٹو کی شمولیت کی باقاعدہ درخواست پر بھی غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں نیوزی لینڈ، جاپان، آسٹریلیا اور سائوتھ کوریا کے ساتھ تعاون میں مزید تعاون پر بھی بات کی جائے گی۔