• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں آئسکریم ڈسٹری بیوشن یونٹ اور لورالائی میں جنرل اسٹور سیل

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں غیر صحت بخش خوراک کی پروڈکشن و فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 2 مراکز سیل جبکہ 20 سے زائد پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے جان محمد روڈ اور فقیر محمد روڈ میں کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک آئسکریم ڈسٹری بیوشن یونٹ سربمہر کرتے ہوئے آئسکریم پروڈکشن پلانٹ معلوم کرنے سمیت مختلف امور کی چھان بین کیلئے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ، یونٹ سے شہر کو ناقص اجزاء سے تیار کردہ آئسکریم سپلائی کی جارہی تھی۔ مزید برآں زائد المیعاداشیاء (مصالحے ، کیچپ) ، چائنیز نمک و مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز کی فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر 6 جنرل اسٹورز کو جرمانہ کیا گیا۔ملک سیفٹی ٹیم نے پرانا سبزل روڈ میں قائم ملک شاپس اور ڈیری فارمز کا معائنہ کیا، دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 3 ملک شاپس پر جرمانے عائد کئے گئے۔مزید برآں غیرمعیاری اشیاء کی فروخت پر بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم لورالائی نے ایک جنرل اسٹور سربمہر ، 4 کو جرمانہ جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک نان شاپ ، میٹ شاپ اور پکوڑا سموسہ شاپ پر جرمانے عائد کئے ۔ تحصیل روڈ اور صدر بازار میں زونل ڈائریکٹر شراف الدین کی سربراہی میں بی ایف اے حکام کی جانب سے سیل کردہ جنرل اسٹور کے خلاف واش روم میں اشیاء کی اسٹوریج اور مضر صحت کیمیکل و خوردنی اشیاء ایک ساتھ رکھنے پر کارروائی کی گئی جبکہ دیگر 4 جنرل اسٹورز کو مختلف وجوہات بی ایف اے لائسنس کی عدم دستیابی ، زائد المیعاد اشیاء برآمد ہونے ، پابندی عائد ناقص کوکنگ آئل و چائنیز نمک کی فروخت اور اشیاء اسٹوریج کے غیر صحت بخش نظام پر جرمانہ کیا گیا۔ تربت کے مختلف علاقوں میں معائنے کے دوران دو جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔اس دوران معمولی نقائص پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری و مالکان و ورکرز کو بی ایف اے ہدایت ناموں کی کاپیاں فراہم کی گئیں ۔
کوئٹہ سے مزید