بالی ووڈ چھوڑ کر مصنفہ بننے والی ٹوئنکل کھنہ نے ایک تصویر شیئر کی اور اُسے اپنی زندگی کا سب سے زیادہ پرمسرت لمحہ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹوئنکل کھنہ نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک تصویر شیئر کی، جو ایک بک سیلر کی تھی، جو سڑک پر اُن کی سرقہ شدہ (پائریٹڈ) بک فروخت کررہا تھا۔
تصویر میں سیلز مین نے مصنفہ کی مسز فنی بونز، دی لیجنڈ آف لکشمی پرساد، پاجاماز آر فارگیونگ کی سرقہ شدہ کتابیں ہاتھ میں پکڑ رکھی ہیں۔
اداکاری سے تصنیف و تالیف کا سفر شروع کرنے والی ٹوئنکل کھنہ نے انسٹاگرام پر تصویر کے ساتھ کیپشن بھی درج کیا اور اسے زندگی کا پرمسرت لمحہ قرار دیا۔
مصنفہ نے لکھا کہ ’بونیفائیڈ بیسٹ سیلر‘ کی پہنچان یہی ہے کہ آپ کی کتاب کا پائریٹڈ ورژن ٹریفک لائٹس پر فروخت ہونے لگ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو کیسے پتا چلے کہ آپ کی کتاب پڑھی جا رہی ہے؟ عمومی طور پر اس کے لیے سیلز کے اعداد و شمار، ایمزون کی درجہ بندی، جائزے اور ایوارڈز ہی دیکھے جاتے ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے یہ بھی لکھا کہ اس جانچ پڑتال کا درست طریقہ یہی ہے، آپ کی کتاب کا پائریٹڈ ورژن سڑک پر فروخت ہونے لگے۔
مصنفہ نے ساتھ ہی اپنے مداحوں سے استفسار کیا کہ آپ نے میری کتابوں میں سے کونسی پڑھ رکھی ہے؟
ان کی پوسٹ پر مداحوں نے دلچسپ ردعمل دیا، ایک مداح نے لکھا ’میں نے یہ سب کتابیں ٹریفک سگنل سے خرید کر ہی پڑھی ہیں۔
دوسرے نے لکھا کہ پاجاماز آر فارگیونگ آپ کا بہترین کام ہے، یہ بہت ہی اچھی کتاب ہے۔
ٹوئنکل کھنہ نے 1995ء میں فلم ’برسات‘ سے اداکاری کا سفر شروع کیا اور آخری فلم 2001ء میں ’لو کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ کی، وہ کئی بار کہہ چکی ہیں کہ انہیں فلموں میں کام کرنا اچھا نہیں لگا۔
بطور مصنفہ ان کی پہلی کتاب 2015ء میں ’مسز فنی بونز‘ کے عنوان سے آئی، جس کے بعد ’دی لیجنڈ آف لکشمی پرساد‘ اور ناول ’پاجاماز آر فارگیونگ‘ 2018ء میں منظر عام پر آیا۔
اُن کا ناول آل انڈیا بیسٹ سیلرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر بھی آیا، جس کی 1 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔