کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام پارٹی کے صوبائی صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے خلاف ایف آئی آرکے اندراج ، گھر پر چھاپے، ان کےبھائی پر نامعلوم افراد کے تشدد اور عمران ریاض کی حمایت میں بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینر و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرے میں جمعیت علمائے اسلام شیرانی کے رہنمائوں نےصادق نورزئی کی قیادت میں شرکت کی،مظاہرین سے پارٹی رہنمائوں عبدالباری بڑیچ ، محمد آصف ترین ، دائود پانیزئی ، دائود شاہ کاکڑ ، عالم کاکڑ ، میر علی آغا ، حنان بازئی ، جمعہ خان خلجی ، بلال اچکزئی ، قاری عبیداللہ درانی اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری لاکھوں عوام کی آواز بن چکے ہیں ان کے گھر پر غیرقانونی طور پر چھاپہ اور بھائی پر نامعلوم افراد کی طرف سے تشدد قابل مذمت ہے، اگر ایسا دوبارہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی تو پورے بلوچستان کو جام کردینگے ، انہوں نے کہا کہ قوم جاگ چکی ہے اور عمران خان کے وژن کے تحت کامیابی حاصل کرکے رہیں گے ۔