کراچی میں شہری جانور کو نہلانے کے لیے سروس اسٹیشن کا رخ کرنے لگے۔
بارش کے موسم میں جہاں لوگوں کی گاڑیاں کیچڑ میں اٹ جانے کی وجہ سے گندی ہوجاتی ہے وہیں مویشی منڈی میں قربانی کے لیے لائے گئے جانور بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔
کراچی کے شہری اپنے جانوروں کو کیچڑ سے پاک کرنے کے لیے سروس اسٹیشن کا رخ کر رہے ہیں۔
ناظم آباد میں بھی ایک شہری اپنے جانور کو لے کر سروس اسٹیشن پہنچا، جہاں اسے خوب اچھی طرح دھونے کے بعد اس کی خوبصورتی بحال کردی گئی۔
واضح رہے کہ عید قرباں میں دون دن باقی رہ گئے، لیکن کراچی کی سپر ہائی وے مویشی منڈی میں شہریوں کا رش کم دیکھنے میں آیا، بارش کے بعد منڈی میں کیچڑ، پانی، بیوپاریوں کو جانوروں کی دیکھ بھال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خراب موسم کے باعث جانور لے جانے والے گاڑی ڈرائیورز نے کرائے بڑھا دیے، مویشی منڈی سے لانڈھی، کورنگی، سرجانی اور دیگر علاقوں تک کا کرایہ بڑھا دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں تین لاکھ سے زائد جانور لائے گئے، اب تک ایک لاکھ سے زائد جانور فروخت ہوئے ہیں۔
منڈی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ صفائی کے لیے واٹر بورڈ کی مشینری منگوائی گئی ہے، نکاسی آب کا مؤثر انتظام اس لیے نہیں کیوں کہ عارضی منڈی ہے، جو بیوپاری بھی منڈی آ رہے ہیں ان سے جگہ کا کرایہ نہیں لیا جا رہا۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ جو چاہے اپنے جانور فروخت کے لیے منڈی لا سکتا ہے، جن جانوروں میں لمپی اسکین تھی انہیں واپس بھیجا گیا ہے، رواں سال لمپی اسکین کے باعث کم جانور فروخت کے لیے لائے گئے ہیں۔