لاہور(این این آئی) اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں جیت کر ن لیگ سے اپنا مینڈیٹ واپس لینے کا دعویٰ کیا ہے۔پرویز الٰہی ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان اپنے حلقوں میں بے بس اور لاچار نظر آتے ہیں، عوام نے منحرف ارکان کو رد کر دیا ہے اور منحرف ارکان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنا چھینا ہوا مینڈیٹ ن لیگ سے واپس لے لینگے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز سپریم کورٹ میں دئیے گئے حلف سے مکر گئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ تقرر و تبادلے اور ترقیاتی کاموں کی مد میں جاری کیے جانے والے فنڈز کا بھی نوٹس لے جیسے الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے روشن گھر اسکیم بند کروائی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کے امیدواروں کے دفاتر کے باہر یوٹیلیٹی اسٹور کے ٹرک ووٹروں میں سامان تقسیم کر رہے ہیں جو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔