• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسین ملک کے مقدمے کی پیروی کیلئے وکلا سے رابطہ کرلیا ہے، چوہدری محمد سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب اور ممتاز کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لئے بنائی گئی آل پارٹی ٹاسک فورس کے سربراہ چوہدری محمد سرور نے یاسین ملک کے مقدمے اور رہائی سے متعلق پٹیشن ایڈنبرا مین بھی لانچ کردی ہے۔ ایڈنبرا کے ممتاز سیاسی، سماجی رہنمائوں ریاض خان اور چوہدری اسلم کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ بنیادی انسانی حقوق پر تیار کی جانے والی اس پٹیشن پر برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے ہماری حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دس ہزار برطانوی شہریوں سے دستخط لینے کا پروگرام رکھتے ہیں۔یاسین ملک کی رہائی کے لئے پٹیشن بھارتی آئین و قوانین کے مطابق ہے۔ ہمارا فوری مطالبہ ہے کہ ان کو جیل میں میڈیکل سہولتیں مہیا کی جائیں۔ تشدد بند کیا جائے، کیس کا ری ٹرائل کیا جائے اور جب تک ری ٹرائیل نہیں ہوتا ان کو فوری طور پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔ چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ مساجد اور انسانی حقوق کی تنظیمیں دستخطی مہم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ یاسین ملک کے مقدمے کی پیروی کے لئے ہم نے کئی بین الاقوامی شہرت کے وکلا سے رابطہ کرلیا ہے ممتاز قانون دان بیرونس ہیلن کینڈی بھی کیس کی سٹڈی کر رہی ہیں اور ہم دیگر وکلا کی رپورٹس کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔

یورپ سے سے مزید