• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے قہقہے پر عوامی ردِ عمل

اسکرین گریب
اسکرین گریب 

گزشتہ روز ہونے والے حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے دوران پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی خوش گپیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اس وقت زیرِ بحث ہے۔

اس ویڈیو کو سوشل میڈیا سائٹس پر شیئر کیے جانے کے ساتھ تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

حکراں جماعت مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی یہ ویڈیو 35 سیکنڈ کی ہے جس میں پاکستان کے بڑے سیاستدانوں کو ایک ساتھ، ایک چھت تلے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس ویڈیو میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ، پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری اور موجودہ وزیرِ اعظم شہباز شریف بیٹھے باتیں کر رہے ہیں۔

اس دوران مولانا فضل الرحمٰن کے کسی مزاحیہ جملے پر  آصف علی زرداری مسکرا رہے ہیں اور شہباز شریف تالی مار کر قہقہہ لگا رہے ہیں۔

یہ قہقہہ عوام کو کچھ خاص نہیں بھایا اور ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی وزیر اعظم پر تنقید بھی شروع ہو گئی۔

اس مختصر سی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے ملکی معاشی حالات، ڈالر کی بے لگام اُڑان اور شہباز شریف کے قہقہے پر تنقیدی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ قبل از وقت انتخابات بہتر آپشن نہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید