اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف جمعہ کی شب احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہاہے کہ ساری نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں ‘ آصف زرداری چوری کے پیسے سے جمہوریت کا جنازہ نکالتا ہے‘ہمیں پتہ تھا اس نے گیم کرنی ہے ‘یہ سیاستدان نہیں یہ مافیا ہیں ‘انہوں نے عوامی مینڈیٹ کو ذبح کیا‘ڈاکوؤں کو چوری کے پیسے سے اپنا مینڈیٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
گزشتہ روز عوام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کی ایک بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے اور آج پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس پر حیران ہوں، پارلیمنٹ کی فوج نہیں ہوتی صرف اخلاقیات ہوتی ہے ‘ ہم نے پہلے سندھ ہاؤس میں اور آج پھر پنجاب اسمبلی میں یہ تماشہ دیکھا، سندھ ہاؤس میں بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کی بولیاں لگیں، آصف زرداری 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، سندھ کے پیسوں سے یہ تمام خریدو فروخت ہورہی تھی۔جمعہ کو وزیراعلیٰ کا انتخاب تھا اور جمعرات کی شب کو ضمیروں کا سوداگر پہنچا.
گزشتہ رات سے ہی ہمیں پتا چل گیا تھا کہ آصف زرداری کوئی گیم چلا رہا ہے، ہمیں پتا تھا کہ اس نے کوئی گیم کرنی ہے، آج جو ہوا میں حیرت میں تھا کہ یہ انھوں نے کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ شجاعت کا تو خط ہی مؤثر نہیں، فیصلہ پارلیمانی لیڈر کا ہوتا ہے، میں نے بھی جو خط لکھا تھا وہ رد ہوا پھر پارلیمانی لیڈر نے خط لکھا۔
عمران خان نے عوام سے آج رات ہی احتجاج کی اپیل کی کہ آج قوم کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، آپ نے بتانا ہے ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، سب اپنا احتجاج رجسٹرڈ کریں تاکہ ان کو پتا چلیں ہم بھیڑ بکریاں نہیں‘ان کا کہنا تھاکہ ق لیگ کے پارلیمانی سربراہ چوہدری شجاعت نہیں وہ پارٹی قائد ہیں۔