لاہور ( نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) حکمران اتحاد نے چیف جسٹس سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمےکی فل کورٹ سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ بار کی نظرثانی سمیت متعلق درخواستوں کو ایک ساتھ سنے، حکمران اتحاد کے مشترکہ و متفقہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ سپریم کورٹ بار کی نظر ثانی درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو عدالت عظمیٰ کے تمام معزز جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ ایک ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرکے اس پر فیصلہ جاری کرے۔
یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں، جسکے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کی بھاری قیمت ملکی معیشت دیوالیہ پن کے خطرات اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔
عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہے ہیں جن کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔ آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے جسے ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا یہ دراصل پاکستان کے آئین، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتا ہے، عمران خان کی یہ سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کیلئے دیمک بن چکا ہے۔
حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اس عزم کا واشگاف اعادہ کرتی ہیں کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں ملکر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔