سابق رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک سوشل میڈیا پر متحرک ہو گئیں، وہ اپنے شوہر کی پہلی بیوی بشریٰ اقبال اور بیٹی دعا کے خلاف ایکشن میں نظر آ رہی ہیں۔
دانیہ ملک کی جانب سے سوشل میڈیا پر واپسی کے بعد عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ اور بیٹی کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز دانیہ ملک نے انسٹا گرام کا سہارا لیتے ہوئے بشریٰ اقبال پر نئے الزامات لگائے اور بشریٰ اقبال سمیت اُن کی بیٹی دعا عامر پر بھی خوب تنقید کی۔
دانیہ ملک نے اپنی انسٹا گرام اسٹوریز پر دعا عامر اور بشریٰ اقبال کی جانب سے اپنے خلاف کارروائی کے اعلان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے اور ضرور ہوگا، ان شاء اللّٰہ پوسٹ مارٹم لازمی ہوگا، جب پوسٹ مارٹم کی بات آئی تو یہ بشریٰ اور دعا دونوں میڈیا کی سپورٹ مانگنے سامنے آگئیں، ویسے جب عامر فوت ہوئے تب تو بشریٰ میڈیا کے سامنے نہیں آنا چاہتی تھیں، اب بیٹی کو بھی لے کر آ گئی ہیں۔
دانیہ ملک نے لکھا ہے کہ مطلب کچھ تو ہے جو بی بی (بشریٰ اقبال) پوسٹ مارٹم میں تاخیر کرواتی جا رہی ہیں اور اب ہمیں دھمکیاں بھی دلوا رہی ہیں کہ اس پیشی پر آئیں تو جان سے جاؤ گی۔
دانیہ ملک نے بشریٰ اقبال کو چالاک عورت قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ اب خود میڈیا سے سپورٹ مانگ رہی ہیں اور بیچاری بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دانیہ ملک نے اپنی دوسری اسٹوری میں مزید لکھا ہے کہ بی بی (بشریٰ اقبال) جب نکاح ہوا جب آپ ساتھ تھیں؟ اس (عامر لیاقت) کا موبائل ہڑپ کر کے اب آپ جھوٹی افواہیں پھیلا رہی ہیں، جاتے جاتے وہ مجھے معاف کر گئے تھے اور میرے پاس تو سب ثبوت ہیں کہ بچوں کے نام پر آپ نے کتنا لوٹا ہے اُنہیں، بڑی ٹینشن تھی آپ کو اُن کی عزت کی، جب اُن کی ویڈیوز لیک ہوئیں، آپ نے تب ایکشن کیوں نہیں لیا، اب ہوش آ رہا ہے، اب دولت نے اندھا جو کیا ہے لالچی عورت۔
دانیہ ملک نے اپنی انسٹا اسٹوری میں دوبارہ دہرایا کہ مجھے صرف پوسٹ مارٹم چاہیے، میں صرف پوسٹ مارٹم کروانا چاہتی ہوں، مجھے اس کا حق ہے، باقی کارروائی تو میں بعد میں کروں گی۔
دانیہ ملک نے بشریٰ اقبال کو عامر لیاقت کی موت کی ذمے دار قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس کی موت کی ذمے دار تو آپ زیادہ خود ہیں، عامر لیاقت کو بچوں سے جدا کیوں کیا؟ طلاق تو آپ کو ہوئی تھی، آپ اپنے بچوں کو عامر کے ساتھ اٹیچ کرتیں تو یہ نوبت نہیں آتی، دوسروں پر تہمت لگانے سے پہلے اپنے اندر جھانک لو، دولت نے اندھا کیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ دانیہ ملک نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کی درخواست عدالت میں جمع کروا رکھی ہے، 28 جولائی کو دانیہ ملک کی درخواست کی سماعت ہو گی۔
دوسری جانب مرحوم عامر لیاقت کی سابقہ اور پہلی اہلیہ، بشریٰ اقبال اور بیٹی دعا عامر نے بھی دانیہ ملک کے خلاف سائبر کرائم میں تحریری شکایات جمع کروائی ہوئی ہے۔