• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ‘ لورالائی‘ مستونگ اور تربت میں 27مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص ، ملاوٹی و زائد المیعاد اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 7 ، لورالائی میں 10 مستونگ میں 5 جبکہ تربت میں بھی 5 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ڈویژنل ڈائریکٹر لورالائی شراف الدین کی قیادت میں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے پٹھان کوٹ ، دکی سنجاوی شاہراہ اور گوالمنڈی کے علاقوں میں متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز چیک کئے ، دوران چیکنگ 3 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد و ممنوعہ خوردنی اشیاء کولڈرنکس ، پیکٹ دودھ ، بسکٹ ، مصالحے ،ملک کریم ، چائنیز نمک برآمد ہوئیں ، میٹ شاپس میں صفائی کے انتظامات ناقص ، کٹنگ اوزار جراثیم زدہ و آلودہ پائے گئے جبکہ ہوٹلوں میں ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت خراب اور پکوان میں ناقص و غیر صحت بخش کوکنگ آئل استعمال کیا جارہا تھا ۔ دوران معائنہ ایک برف کارخانہ کو صفائی و برف کی ترسیل کے ناقص نظام اور زنگ آلود سانچوں میں غیر صحت بخش پانی سے برف کی تیاری جبکہ ایک سبزی شاپ کو باسی و خراب سبزیاں فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی مضر صحت اشیاء کو بعدازاں تلف جبکہ معمولی نقائص پر 14 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے ۔ کوئٹہ شہر میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں دوران معائنہ ایک آئسکریم کارنر ، 2 ملک شاپس سمیت 7 مراکز کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی سمیت مختلف وجوہات پر کارروائی کی۔ مزید برآں بی ایف اے کی ڈویژنل ٹیموں نے ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات کی برآمدگی پر مستونگ اور تربت میں بالترتیب 5 ، 5 مراکز کو جرمانہ کیا ۔علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اسکولوں و کالجز کے اساتذہ اور طلباء کو فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی مہم جاری رہی،اس سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پرکانی آباد سریاب کے اساتذہ اور طالبات کو حفظان صحت کے بنیادی اصولوں خصوصاً کچن میں فوڈ سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف امور کی بہتر انداز میں ادائیگی و خوراک کو مختلف جراثیم سے محفوظ رکھنے سے متعلق تفصیلاً آگاہی دی گئی۔
کوئٹہ سے مزید