• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، 3 سال میں طلاق کے 24 ہزار 157 مقدمات دائر ہوئے

لاہور(آصف محمود) ضلع لاہور کی 4تحصیلوں میں گزشتہ 3سال میں طلاق کے 24ہزار 157 مقدمات دائرہوئے۔ 11540 مردوں نے طلاق دی ،9973خواتین نے خلع لی، 831 کیسز میں مصالحت ہوسکی ،یہ انکشاف پنجاب انفارمیشن کمیشن میں عبداللہ ملک ایڈووکیٹ بنام لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کیس میں محکمہ کی طرف سے کیا گیا۔

پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ11ہزار 540مردوں نے خود اپنی بیویوں کو طلاق دی جبکہ9ہزار973خواتین نے عدالت کے ذریعے خلع لی۔

طلاق کے 2ہزار 642 کیسز زیر التواء ہیں جس کی بڑی وجہ فریقین کا یونین کونسل میں مصالحت کے لئے پیش نہ ہونا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق طلاق اور خلع کے سب سے زیادہ کیسز سٹی تحصیل لاہور میں ریکارڈ ہوئے جن کی تعداد 11ہزار 874ہے۔ دوسرے نمبر پر تحصیل شالیمار میں 6ہزار 656، تیسرے نمبر پر کینٹ تحصیل میں 5ہزار 696اور چوتھے نمبر پر تحصیل رائیونڈ میں1ہزار484کیسز ریکارڈکئے گئے۔

 24ہزار 157کیسز میں سے صرف 831کیسز میں مصالحت ہوسکی جس کی بڑی وجہ مقامی حکومتوں کے عوامی نمائندگان کا نہ ہونا تھا جن کی موجودگی میں مصالحت کا عمل قدرے آسان اور سہل ہوجاتا ہے۔

یونین کونسل کے سرکاری اہلکاروں بشمول سیکرٹری یونین کونسل کو مصالحت میں اتنی دلچسپی نہیں ہوتی۔

اہم خبریں سے مزید