تائپے (اے ایف پی) تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے تائیوان کے دورے پر موجود امریکی اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی سے ملاقات کے بعد چین کے خلاف ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ فوجی خطرات کے باوجود تائیوان پیچھے نہیں ہٹے گا، ہم جمہوریت کے لیے دفاع کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب چین نے نینسی پیلوسی کے دورے کے جواب میں آبنائے تائیوان پر فوجی مشقوں کی تیاری مکمل کرتے ہوئے اسے گھیرنا شروع کردیا ہے ۔ جی سیون ممالک کے گروپ نے چین سے تحمل کا مظاہرہ کرنیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے تائیوان پر جارحانہ فوجی مشقوں کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ امریکی اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی بدھ کی صبح تائیوان سے واپس روانہ ہوگئیں ۔ چین کی وزارت خارجہ نے امریکا کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت چین اس اشتعال انگیزی کا نشانہ بنا ہے۔ تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے تائی پے میں نینسی پیلوسی کے ساتھ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے فوجی خطرات کے باوجود تائیوان پیچھے نہیں ہٹے گا، ہم جمہوریت کیلئے دفاع کی کوششیں جاری رکھیں گے۔