• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے کرکٹرز ذہنی طور پر زیادہ مضبوط نہیں، معین خان

کراچی (عبدالماجد بھٹی) کراچی تین کروڑ کی آبادی کا شہر ہے لیکن دورئہ نیدر لینڈ اور ایشیا کپ کیلئے اعلان کردہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں میں کراچی کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق کپتان معین خان یہ ماننے کو تیار نہیں ہیں کہ کراچی کے کھلاڑیوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہاہے اور اس کے پیچھے کو ایجنڈا شامل ہے۔ وہ کہتے ہیں کراچی کے کھلاڑی ذہنی طور پر زیادہ مضبوط نہیں ہیں، انہیں چیلنج کرنا چاہیے کہ اگر وہ پاکستان ٹیم میں نہیں ہیں تو کیوں نہیں ہیں۔ کھلاڑی میں یہ جذبہ ہونا ہونا چاہیے کہ میں ہی وہ کھلاڑی ہوں جو پاکستان کی نمائندگی کرسکتا ہوں پروفیشن کو لے کر کھلاڑیوں میں جذبات اور کمٹمنٹ کی کمی ہے۔ جنگ کے استفسار پر انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر کسی کھلاڑی میں مسئلہ ہوسکتا ہے سسٹم میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ میں بھی چار پانچ بار ٹیم سے باہر ہوا لیکن فائٹ کرکے واپس آیا اور ہمیشہ کم بیک میچ میں پہلے سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ معین خان نے کہا کہ تین کروڑ کی آبادی والے شہر سے اگر کھلاڑی نہ نکلے کو یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ٹیم میں نام نہ آنے سے کھلاڑی دلبرداشتہ ہوتا ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ کرکٹ چھوڑ دو۔ انٹر نیشنل معیار کے مطابق کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ مجھے کراچی کے کھلاڑیوں میں خود اعتمادی کی کمی نظر آرہی ہے، جذبہ سچا ہے تو یہی کھلاڑی کپتانی بھی کرسکتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید