اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، خلاف روایت سپریم کورٹ کے جج ،جسٹس سجاد علی شاہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پرنہ تو ان کے اعزاز میں سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کرے گی اور نہ ہی انکے اعزاز میں خود عشائیہ دے گی ، یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں جب بھی کوئی جج اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوتا ہے تو پہلے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور اگلے روز سپریم کورٹ فاضل جج کے اعزاز میں عشائیہ دیتی ہے ،اس حوالے سے سارا دن ہونے والی چہ مگوئیوں کے بعد بار کے صدر اور سیکرٹری کو کال کی گئی تو انکے فون بند ملے جس پر سپریم کورٹ بار کے ایک اہلکار ،راجہ اشفاق سے رابطہ قائم کیاگیا تو انہوں نے بتایاہے کہ 8اگست کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ساری ایگزیکیٹیو کمیٹی بیرون ملک جارہی ہے ،اس لئے ان کے لئے نہ تو سپریم کورٹ کے عشائیہ میں شرکت ممکن ہے اور نہ ہی وہ عشائیہ دینے کی پوزیشن میں ہے ،یاد رہے کہ جسٹس سجاد علی شاہ 13اگست کو 65سال کی آئینی مدت پوری پونے کے بعد ریٹائرہو رہے ہیں۔