• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تائیوان سے الحاق تک فوجی مشقیں جاری رہیں گی، چین

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) چین کی افواج نے پیر کے روز تائیوان کے گرد فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے، اس طرح فوجی مشقوں میں توسیع کردی گئی ہے، چین کے سرکاری میڈیا نے ماہرین کے حوالے سے کہا ہے کہ تائیوان کی چین سے دوبارہ سے الحاق تک فوجی مشقیں جاری رہیں گی۔ امریکی اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد سے چین نے تائیوان کے الحاق کا عمل مزید تیز کردیا ہے۔ سرکاری میڈیا نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ چینی فوجی مشقوں کا مقصد نہ صرف خطے بلکہ اس سے باہر موجود طاقتوں کیلئے بھی چینی افواج کی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔ دوسری جانب چین کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے جواب میں اٹھائے گئے اپنی حکومت کے جوابی اقدامات کو جائزاور مناسب قراردیا ہے۔ترجمان وو چھیان نے کہا کہ آبنائے تائیوان میں موجودہ کشیدگی صرف اور صرف امریکا کی جانب سے شروع کی گئی اشتعال انگیزی کا نتیجہ ہے۔ اس لیے امریکا کو اس صورتحال کی پوری ذمہ داری قبول اور سنگین نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین نے دوطرفہ تعلقات،دونوں افواج کے درمیان تعلقات اورتائیوان کے مسئلہ پراپنا سخت موقف واضح کیا اور پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے معاملے کوامریکا کے ساتھ بار باراٹھایا۔ تاہم امریکا کے عملی اقدامات اس کے وعدوں کے برعکس رہے۔وو نے کہا کہ چین کے جوابی اقدامات امریکا اور تائیوان کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے اور قومی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے جائز اقدامات کے تحت ضروری انتباہ اور معقول اور مناسب ہیں۔وو نے کہا کہ بحران حل کرنے کے اپنے دعووں کے باوجود، امریکا نےکشیدگی پیدا کرنے اور اپنے غلط بیانات اور کاموں اور اشتعال انگیز رویوں کو جواز بخشنے کاسلسلہ جاری رکھا یہاں تک کہ اپنی ذمہ داری سے راہ فرار کے لیے دوسروں کو قربانی کا بکرا بنایا، ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید