• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازگل غداری کے مرتکب، اصل کردار کو سامنے لایا جائے

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا و کینیڈا میں آباد پاکستانیوں نے شہباز گل کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کیلئے جدوجہد قابل ستائش اور حب الوطنی کا تقاضا ہے لیکن پاکستانی افواج میں نفرت اور بغاوت کو فروغ دینا وطن سے غداری ہے، اصل کردار کو سامنے لایا جائے۔

 شہباز گل جو اپنے دورہ کینیڈا وا مریکا کے دوران صحافیوں اور اختلاف رائے رکھنے والے پاکستانیوں کےساتھ بدتمیزی اور بے ہودہ الفاظ استعمال کرنےکا ریکارڈ رکھتے ہیں ان کی گرفتاری کے بارے میں کینیڈا کے مشہور پاکستانی کینیڈین بیرسٹر عثمان علی نےکہا کہ شہباز گل نے پاکستانی فوج کے خلاف حالیہ زہر افشانی کرکے قانون اور اخلاقی حدود پار کرلی ہیں.

 اگر چار دیواری کے محدود علاقے میں تنقید کرنے پر جاوید ہاشمی جیسے رہنما کو غداری کے الزام میں 19؍سال کی سزا سنانے اور قومی اسمبلی کے ممبر علی وزیر کودو سال سے جیل میں بلاضمانت رکھنے کا ریکارڈ ہے تو پھر بدتمیزی ، گالم گلوچ اور اب فوج میں غداری اور انتشار پھیلانے کا اعلانیہ ریکارڈ رکھنے والے شہباز گل کے خلاف اگر کارروائی نہ کی گئی تو پھر عام شہری یہ پوچھنے پر حق بجانب ہوں گے کہ آخر یہ کس وجہ سے اور کس کے لاڈلے ہیں جو بیرون ملک سے جاکر پاکستانی فوج میں انتشار پھیلا نے کی کوشش کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان اور سیلاب و مشکلات میں گھرے لوگوں کی خدمت کرنے میں فوج کے کردار کا اعتراف اور احترام لازم ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید فوجی احترام، اعزاز اور خراج عقیدت کے مستحق ہیں۔ جمہوریت کے لئے طویل جدوجہد کرنے والی بے نظیر بھٹو نے بھی فوج کے غیر سیاسی اور دفاعی کردار کا ہمیشہ احترام ملحوظ خاطر رکھا۔

 امریکا میں پاک امریکن لائرز کے رمضان رانا نے اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل جیسے کرداروں نے پاکستان میں اخلاق اور قانون شکنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ،انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں میں بھی منافرت اور تقسیم کو فروغ دیا ، اس کردار کی مکمل چھان بین ہونا چاہئے یہ جمہوریت اور تحریک کے نام پر پاکستان کا شیرازہ بکھیرنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ شہباز گل نے عمران حکومت کی برطرف کے فوراً بعد امریکا کا انتہائی مختصر چند روزہ دوہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے متعدد ملاقاتیں کیں جن میں بعض بھارتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

 شکاگو کے بعض پاکستانی جو شہبازگل کے ریاست الی نوائے میں قیام کے سالوں کے دوران کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہیں ان کا کہنا ہے کہ شہباز گل ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت بلامعاوضہ خدمات کے نام سے داخل ہو کر اب اپنا اصل روپ سامنے لائے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید