• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریا میں اسمگلر کی وین الٹنے سے3افراد ہلاک، کئی زخمی

ویانا (اے ایف پی) اسمگلر کی وین الٹنے سے 3افراد ہلاک ہوگئے۔ وین نے پولیس کنٹرول سے فرار ہونے کی کوشش کی اور الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، جنہیں اسمگل کیا جارہا تھا، اے پی اے نیوز ایجنسی کے مطابق حادثہ ہنگری سے ملنے والی آسٹریا کی سرحد کے نزدیک برجن لینڈ ریاست کے ایک ہائی وے پر پیش آیا۔ وین20افراد سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، جن میں بچے بھی شامل تھے۔ دو مرد اور ایک عورت حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ اے ایف پی فوری طور پر پولیس اور دیگر اہلکاروں سے رابطہ نہ کرسکی۔ مئی میں آسٹریا کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک گروپ کا قلع قمع کرچکی ہے۔ جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے ہنگری سے آسٹریا ہزاروں افراد کو اسمگل کیا ہے، جن میں زیادہ تر شامی تھے۔ گزشتہ سال ان میں سے دو غیر قانونی طور پر سرحد پار لائے گئے تھے اور ایک وین میں ان کا دم گھٹ گیا تھا۔ اس واقعہ نے2015ء کے اس بھیانک واقعہ کی یاد دلا دی ہے جب شام، عراق اور افغانستان کے71افراد کا بند وین میں دم گھٹ گیا تھا جنہیں اسمگلروں نے چھپایا تھا۔ 3بچوں اور ایک شیرخوار بچی کی لاشیں آسٹریا میں برآمد ہوئی تھیں جبکہ وہ ہنگری سے ملنے والی سرحد کے دوسری طرف ہی مر چکے تھے۔
یورپ سے سے مزید