راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے )راولپنڈی شہر اور کینٹ میں اتوار کی رات تقریباً آدھے گھنٹے کی موسلا دھار بارش سے بعض سڑکیں دریا کی شکل اختیار کر گئیں ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ، پارکوں میں تفریح کیلئے آنے والی فیملیز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،پانی نالیوں اور نالوں سے گزرنے کی بجائے سڑکوں پر بہتا رہا خصوصاً چکلالہ کینٹ کے علاقے جہلم روڈ نےدریا کی شکل اختیار کر لی ، لوگوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بند ہوتے رہے ، اتوار کی رات نماز مغرب کے بعد تھوڑی دیر کیلئے ہونے والی موسلا دھار بارش نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کے پول کھول دیئے ، جہلم روڈ پر اس قدر پانی تیز رفتاری سے بہتا رہا کہ وہاں بڑی تعداد میں گاڑیاں پلگ وغیرہ میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے بند ہوتی رہیں ، بعض موٹر سائیکل سوار اپنے بچوں سمیت گرتے دیکھے گئے ،اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوجانے کے باعث پارکوں سے نکلنے والے لوگ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے بارش میں بھیگتے رہے ، جہلم روڈ کے گرد نکاسی آب کیلئے نالے ہونے کے باوجود پانی سڑکوں پر بہتا رہتا ہے جس کی وجہ سے بہت سے مقامات سے سڑک ٹوٹنا بھی شروع ہو گئی ہے ، مورگاہ موڑ کے پاس اور الشفاء آئی ہسپتال کے سامنے پیدل لوگوں کیلئے بنے پل کے نیچے گڑھے پڑ چکے ہیں مگر ذمہ دار افراد نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں ، سواں پل پر بھی سڑک کی بری حالت ہے مگر اس طرف کوئی ادارہ توجہ نہیں دے رہا ہے ، شہریوں نے ذمہ دار اداروں سے کہا ہے کہ جہلم روڈپر بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ لوگ بارش کے دنوں میں نقصان سے بچ سکیں اور سڑک بھی بار بار ٹوٹنے سے بچ سکے۔